غلاموں کے غلاموں میں مجھے بھی کیجئے شامل- ورد مسلسل (2018)

غلاموں کے غلاموں میں مجھے بھی کیجئے شامل
غلامی کا عمامہ یانبی جی ﷺ ہو کبھی حاصل

مدینہ ہی مرا ماویٰ، مدینہ ہی مرا ملجا
مدینہ ہی مرا جادہ، مدینہ ہی مری منزل

نبی جی ﷺ آپ ﷺ ہی رہبر، نبی جی ﷺ آپ ﷺ ہی ہادی
نبی جی ﷺ آپ ﷺ ہی اکمل، نبی جی ﷺ آپ ﷺ ہی کامل

خنک آب و ہوا ہے وادیٔ توصیف کی آقا ﷺ
سرِ محشر مرے دل میں سجی ہے آپ کی محفل

بجز حرفِ ادب آقا ﷺ نہیں کچھ میرے دامن میں
شفاعت ایک ناکارہ سے شاعر کو بھی ہو حاصل

مجھے پھر بھی ہے امیدِ شفاعت یارسول اللہ
کہاں مجھ سا نکما ہے زرِ اعمال کا حاصل
پریشاں ہوں، اندھیری رات ہے آقا ﷺ ، کدھر جاؤں
درِ اقدس پہ آیا ہوں مری آسان ہو مشکل

کہاں مَیں اور کہاں رحمت کی چادر میرے شانوں پر
ریاضِؔ کم تریں تو منہ لگانے کے نہیں قابل