میرے پیارے اللہ میرا آج کا دن بھی تیرے نام- مطاف نعت (2013)
میرے پیارے اللہ میرا آج کا دن بھی تیرے نام
میرے سانس کا آنا جانا آج کا دن بھی تیرے نام
پانی کا گھر یہ دو آنکھیں تجھ کو ڈھونڈتی پھرتی ہیں
جل تھل آنکھیں درد کا دریا آج کا دن بھی تیرے نام
تیری رضا کی خاطر کب سے مارا مارا پھرتا ہوں
تیری رضا کی خاطر میرا آج کا دن بھی تیرے نام
تیری یاد میں بھیگے رہنا رکھتا ہے سرشار مجھے
میری اداسی کا ہر لمحہ آج کا دن بھی تیرے نام
پیارے اللہ میں تو ہر دم تجھ سے راضی رہتا ہوں
غم ہے مجھے تو تیری رضا کا آج کا دن بھی تیرے نام
یہ تو بتا تو شرمندوں سے کیسے راضی ہوتا ہے؟
دل کی دھڑکن سوچ کا دریا آج کا دن بھی تیرے نام
جب تیرے محبوب ﷺ کے در پر مَیں نے اپنا سر رکھا
میرے ماتھے پر لکھا تھا آج کا دن بھی تیرے نام
دے کے مجھے دیدار کی لذت یوں کیوں پردہ کر بیٹھے
کرتا ہوں یہ تیری دنیا آج کا دن بھی تیرے نام
جب تک تیری یاد آئے گی جپتا رہوں گا نام ترا
ہر دن یہ بھی کہتا رہوں گا آج کا دن بھی تیرے نام