نگاہوں میں مری روضے کا منظر ہو دمِ آخر- مطاف نعت (2013)
نگاہوں میں مری روضے کا ہو منظر دمِ آخر
زباں پر ہو درود اُن ﷺ پر سلام اُن ﷺ پر دمِ آخر
تلاوت ہو رہی ہو سورۂ یٰسیں کی محفل میں
رسولِ پاک ﷺ کے در پر رکھا ہو سر دمِ آخر
وہاں پر پھر سجاؤں مَیں درود و نعت کی محفل
کوئی ایسا مدینے میں ہو میرا گھر دمِ آخر
رہوں قدمین میں مَیں محوِ گریہ شرمساری میں
رہے دامانِ دل، آنکھیں بھی میری تر دمِ آخر
پلا دینا مجھے جی بھر کے عشقِ مصطفیٰ ﷺ ساقی
پلا دینا زیارت کا کوئی ساغر دمِ آخر
نشے میں جھومتا چلنے لگوں مَیں قبر کی جانب
وہاں جا کر کروں گل پاشیاں اُن ﷺ پر دمِ آخر
اتر جاؤں مَیں اپنی قبر میں صلِّ علیٰ پڑھتے
درِ اقدس کا لے کر لمس ماتھے پر دمِ آخر
عزیز آنکھوں میں یہ منظر لئے آخر مَیں سو جاؤں
ہوں بیٹھا اُن ﷺ کے قدموں میں سرِ محشر دمِ آخر