میں کھو جاؤں یا مصطفیٰ کہتے کہتے- مطاف نعت (2013)

میں کھو جاؤں یامصطفیٰ ﷺ کہتے کہتے
ملوں بھی تو صل علیٰ کہتے کہتے

مدینے کی گلیوں میں دیوانہ بن کر
بھٹکتا رہوں دلربا کہتے کہتے

اسی کو میں ہوش و خرد جانتا ہوں
رہوں بے خبر مجتبیٰ کہتے کہتے

جو بیٹھے در مصطفیٰ کہتے کہتے
اٹھے سدرۃ المنتہیٰ کہتے کہتے

میں مر جاؤں ذکر خدا کرتے کرتے
میں پھر جی اٹھوں مصطفیٰ ﷺ کہتے کہتے
اسی طرح پھر مرتا جیتا رہوں میں
خدا اور کبھی مصطفیٰ ﷺ کہتے کہتے

ملا ان کی یادوں میں کملی کا سایہ
ثنائے رفیق العلیٰ کہتے کہتے

سرِ بزم آتش فشاں بن گیا دل
محبت کا جامِ رضا کہتے کہتے

بنا نورِ قلب و نظر حرفِ قرآن
ثنائے شہِ دوسرا کہتے کہتے

عزیزؔ اپنی خلوت میں مستِ نوا ہے
پئے دید حرفِ دعا کہتے کہتے