ہر گھڑی امتحاں میں رہتا ہوں- مطاف نعت (2013)
ہر گھڑی امتحاں میں رہتا ہوں
پھر بھی ان ﷺ کی اماں میں رہتا ہوں
میں یہاں سے وہاں، جہاں جاؤں
نعت کے گلستاں میں رہتا ہوں
اس پہ سایہ ہے ان ﷺ کی رحمت کا
آس کے جس مکاں میں رہتا ہوں
ان ﷺ کا ہوں اور انہی ﷺ کے در پر ہوں
مَیں یقیں کے گماں میں رہتا ہوں
میرے مولا ہیں جانتے مجھ کو
شفقتِ بیکراں میں رہتا ہوں
اہل دنیا میں اجنبی ہوں مَیں
شورِ سود و زیاں میں رہتا ہوں
باسی بن جاؤں مَیں مدینے کا
ہر گھڑی اِس فغاں میں رہتا ہوں
جانے والا ہوں اس جہاں سے مَیں
فکرِ روزِ گراں میں رہتا ہوں
حرفِ حمد و ثنا ہے رختِ سفر
مدحتوں کے بیاں میں رہتا ہوں
دمِ آخر کہوں مَیں نعت عزیزؔ
لمحۂ جاوداں میں رہتا ہوں