حمد تیری بیاں ہو یہ ممکن نہیں- ریاض حمد و نعت
لاکھ سجدے کرے آسماں کی جبیں
حمد تیری بیاں ہو یہ ممکن نہیں
تُو خدائے غفور و رؤف و رحیم
تُو عزیز و خبیر و رشید و علیم
مالکِ ارضِ جاں بھی تری ذات ہے
ہر گھڑی تیری رحمت کی برسات ہے
تیری قدرت دکھائے مجھے معجزہ
ہو وطن میرا مانندِ خلدِ بریں
لاکھ سجدے کرے آسماں کی جبیں
حمد تیری بیاں ہو یہ ممکن نہیں
تُو لطیف و بصیر و ودود و علیم
تُو صبور و مجیب و حفیظ و حکیم
لہلہاتی رہے میری کشتِ دعا
یاخدا، یاخدا، یاخدا، یاخدا
جس طرف بھی اٹھائوں نظر تُو ہی تُو
جس جگہ سے پکاروں ملے تُو وہیں
لاکھ سجدے کرے آسماں کی جبیں
حمد تیری بیاں ہو یہ ممکن نہیں
تُو حسیب و مجید و حمید و قدیم
تُو سمیع و کبیر و جلیل و عظیم
عمر بھر مجھ کو تیری رہے جستجو
عکس تیرے خدایا ملیں چار سو
میرے بچّوں کے خوابوں کو تعبیر دے
تا ابد روشنی ان کی ہو ہمنشیں
لاکھ سجدے کرے آسماں کی جبیں
حمد تیری بیاں ہو یہ ممکن نہیں