ماں باپ میرے آپؐ پر قربان یا نبیؐ- کلیات نعت
یا نبی ﷺ
ماں باپ میرے آپؐ پر قربان یا نبیؐ
ہیں آپؐ ہی تو میرے نگہبان یا نبیؐ
کوئی نہیں جہاں میں مرا آپؐ کے سوا
ہو جائیں ساری مشکلیں آسان یا نبیؐ
لاکھوں درود آپ پر لاکھوں سلام ہوں
رکھتا ہوں زادِ رہ یہی سامان یا نبیؐ
ناحق ہے اکلِ مال کی پھیلی ہوئی وباء
تیغِ دو دم رہے مرا ایمان یا نبیؐ
الحاد و شرک پھر نئی صف بندیوں میں ہیں
بے کس ہے بے نوا ہے مسلمان یا نبیؐ
مسکیں سے مہربان نے توڑا ہے رابطہ
ہے ورد راجعون کا فرمان یا نبیؐ
یہ ڈر کہ روک لیں گے درِ مصطفیٰؐ سے لوگ
کرتا بہت ہے مجھ کو پریشان یا نبیؐ
چھوٹے نہ مجھ سے حق و صداقت کا راستہ
رہتا ہے دل میں آپؐ ہی کا دھیان یا نبیؐ
دنیا کی منفعت سے کوئی واسطہ نہیں
راضی ہوں آپؐ اور مرا رحمٰن یا نبیؐ
گریہ کناں ہے دامنِ قرطاس پہ قلم
مصلوب ہو گیا ہے کوئی بیان یا نبیؐ
بھرتا نہیں ہے جی مرا باتوں کے ڈھیر سے
کرنے کو سر ہوں معرکۂ جان یا نبیؐ
میں کربلا کی یاد میں رہتا ہوں ہر گھڑی
کر دوں گا جان اپنی مَیں قربان یا نبیؐ
مولاؐ! مجھے بلا لیں اب قدمینِ پاک میں
ہے التجا وسیلۂ حساّنؓ یا نبیؐ
دیکھیں گے در پہ جس گھڑی نادم غلام کو
بخشیں گے حرفِ توبہ کا عرفان یا نبیؐ
یہ آرزو ہے ایسا کوئی خواب دیکھ لوں
رہتے ہیں کیسے آپؐ کے مہمان یا نبیؐ
اِن موسموں کے حبس سے شکوہ نہیں کوئی
حرفِ ثنا ہے آپؐ کا احسان یا نبیؐ
آتی ہے اس سے جنت الفردوس کی ہوا
دائم رہے یہ نعت کا میلان یا نبیؐ
ترمیمِ حرف ہو نہیں سکتی عزیزؔ سے
کلمے کا شہد پیتا ہوں ہر آن یا نبیؐ
*