بہار سخن آپؐ کی ذات ہو- آبروئے ما (2014)

محورِ ہر سخن آپؐ کی ذات ہو
آسماں سے درودوں کی برسات ہو

جب قلم مطلعِ نعت، آقاؐ لکھے
ساتھ میرے ستاروں کی بارات ہو

اہلِ محشر میں بانٹوں بڑے شوق سے
پاس میرے کھجوروں کی سوغات ہو

جب لحد میں اتاریں مجھے ہمسفر
یا خدا! روشنی سے ملاقات ہو

میرے اس خطۂ پاک کے ہر طرف
بارشِ عفو و رحمت ہی دن رات ہو

جب ریاضؔ آپؐ کی نعت لکھنے لگے
اس کے ہونٹوں پہ حرفِ مناجات ہو