آقاؐ قبولیت کی علامت نصیب ہو- کائنات محو درود ہے (2017)
آقاؐ قبولیت کی علامت نصیب ہو
لوح و قلم کو گرمیٔ مدحت نصیب ہو
چُپ چُپ کھڑا ہے آپؐ کے دربار میں حضورؐ
سائل کو ایک اشکِ ندامت نصیب ہو
سرکارؐ آپ ہی کے نقوشِ قدم ملیں
سرکارؐ آپؐ ہی کی قیادت نصیب ہو
فکر و خیال آپؐ کے در پر پڑے رہیں
رم جھم کے موسموں کی شراکت نصیب ہو
میرے قلم کی پیاس سلامت رہے حضورؐ
مجھ کو لحد میں نعت کی راحت نصیب ہو
مبہم ابھی ہے میری کتابِ ادب، حضورؐ
ہر حرفِ آرزو کو بلاغت نصیب ہو
دیوار و در پہ پرچم امن و اماں کھُلیں
آدم کی نسل کو شبِ حیرت نصیب ہو
دامانِ التجا میں گریں روشنی کے پھول
خلدِ نبیؐ کی آج بھی نکہت نصیب ہو
ہر ہاتھ میں حضورؐ ہو پروانۂ نجات
محشر میں سب کو اذنِ شفاعت نصیب ہو
ہر لفظ کا سخن کی رعایا میں ہو شمار
اشکوں کو جان و دل کی حکومت نصیب ہو
میرے بدن کی خاک ٹھکانے لگے ریاضؔ
گردِ رہ حضورؐ کی سنگت نصیب ہو