دل میں سوائے آپؐ کے سرکارؐ کون ہے؟- کائنات محو درود ہے (2017)
دل میں سوائے آپؐ کے سرکارؐ کون ہے؟
مجھ بے نوائے شہر کا غم خوار کون ہے؟
اسوہ ہے کس رسولؐ کا ہر عہد کا نصاب؟
ارض و سما میں صاحبِ کردار کون ہے؟
اِمشب بھی روشنی نے کیا ہے یہی سوال
جو وہؐ نہیں تو پیکرِ انوار کون ہے؟
تاریخِ انقلاب دے ہر دور کو جواب
خلقِ خدا کا آخری سردار کون ہے؟
کس کا ہے نام سارے صحائف کی آبرو
مکتب کی جان، علم کا مینار کون ہے؟
نازل ہوئی ہے آپؐ پر ہی آخری کتاب
کانِ شعور مخزنِ افکار کون ہے؟
جس کی مثال ارض و سماوات میں نہیں
قدرت کا بے نظیر وہ شہکار کون ہے؟
لکھّا ہوا ہے ارضِ وطن کی کتاب میں
طیبہ کی مملکت کا وفادار کون ہے؟
بچپن سے ہوں، حضورؐ، غلامی پہ کار بند
بچپن سے رحمتوں کا طلب گار کون ہے؟
کرب و بلا کی ریت پہ امت ہے زخم زخم
مقتل میں حرفِ حق کا علم دار کون ہے؟
کس کے نقوشِ پا سے ہے رونق افق افق؟
ہر ہر فلک پہ گرمیٔ بازار کون ہے؟
کیا دانشِ فرنگ کرے گی یہ فیصلہ؟
گرداب کون ہے یہاں منجدھار کون ہے؟
شہرِ سخن میں کس نے جلائے نئے چراغ؟
حُبِّ نبیؐ کے کیف میں سرشار کون ہے؟
ہونٹوں پہ صرف نام ہے سرکارؐ کا ریاضؔ
سب جانتے ہیں قافلہ سالار کون ہے؟