اُنؐ کے لئے ہی سارے کا سارا نظام ہے- کائنات محو درود ہے (2017)
اُنؐ کے لئے ہی سارے کا سارا نظام ہے
جو کچھ بھی ہے وہ میرے پیمبرؐ کے نام ہے
کلکِ ثنا کو چومتی رہتی ہیں خوشبوئیں
پیشِ نظر حضورؐ کا حسنِ تمام ہے
وابستگی کے نور کی رم جھم میں ہے سخن
قسمت میں میری مدحتِ خیرالانامؐ ہے
صد شکر میرے گھر میں مسلسل ہے روشنی
صد شکر دل میں عشقِ نبی کا قیام ہے
ہر ہر افق سے چاند ستارے ہیں چل پڑے
کیا دلنواز خلدِ مدینہ کی شام ہے
کس منہ سے جاؤں ساقیٔ کوثرؐ کے سامنے
محشر کے روز کانپتے ہاتھوں میں جام ہے
سب کو نصیب ہو درِ اقدس کی حاضری
طالب درِ حضورؐ کا ہر خاص و عام ہے
اللہ کے ہے حبیبؐ کے اوصاف کا بیاں
تصویر احترام کی میرا کلام ہے
کیا اور چاہئے مجھے بخشش کے واسطے
وردِ زباں ازل سے درود و سلام ہے
تُو بارگاہِ سیّدِ عالمؐ کے ہے قریب
آہستہ چل ریاضؔ ادب کا مقام ہے