ہر لفظ ہو خدائے محبت کا انتخاب- کائنات محو درود ہے (2017)
ہر لفظ ہو خدائے محبت کا انتخاب
ارضِ قلم میں عشقِ نبیؐ کے کھلیں گلاب
رہتے ہیں اشک جانبِ طیبہ رواں دواں
ہر ہر قدم پہ خوشبوئیں رہتی ہیں ہمرکاب
سب سے عظیم تر ہے شریعت حضورؐ کی
سب سے عظیم تر ہے پیمبرؐ کا انقلاب
جو اسوۂ حضورؐ پہ رہتا ہے کاربند
دونوں جہاں میں شخص وہ ہوتا ہے کامیاب
مکتب کی آبرو ہے صحیفہ حضورؐ کا
سارے علوم نطقِ نبیؐ سے ہیں فیض یاب
لازم ہے خاکِ شہرِ مدینہ سے رابطہ
لازم ہے رہنماؤں کے چہرے ہوں بے نقاب
بھولے ہوئے ہیں ملتِ بیضا کے حکمراں
محشر میں ہوگا ایک اک لمحے کا احتساب
گمراہیوں میں ڈھونڈ رہے ہو کوئی کرن
روشن ہے ہر افق پہ قیادت کا آفتاب
انسان دوستی ہے پیمبرؐ کی بے مثال
ہر فیصلہ نبیؐ کی عدالت کا لاجواب
اُس کی نوازشات کی بارش تھمی نہیں
اُس کا کرم ہے آپؐ کی امت پہ بے حساب
اللہ کے سب رسول ہیں انوارِ سرمدی
ارض و سما کتابِ نبیؐ کا ہے انتساب
چھوڑا ہوا ہے دامنِ سردارِؐ کائنات
لپٹا ہوا بدن سے ہے صدیوں کا اضطراب
سوچا بھی ہے ریاضؔ کبھی ہم نے بھول کر
کب تک کریں گے جرمِ ضعیفی کا ارتکاب