یا خدا تاریکیاں مٹ جائیں ارض پاک سے- لامحدود (2017)
یا خدا! میری قبائے شعر میں کرنوں کے پھول
یا خدا! نطق و بیاں کو دولتِ حُبِّ رسولؐ
یا خدا! چشمِ تصوّرُ شہرِ مدحت میں رہے
یا خدا! ہوں شاعرِ سرکارؐ کے آنسو قبول
یا خدا! سرکارِ دو عالمؐ کو ہو میرا سلام
یا خدا! خوشبو بنے میری غلامی کا کلام
یا خدا! میرے قلم کو دے مدینے کے گلاب
یا خدا! مدحت نگاری میں ہو میرا اختتام
یا خدا! روحِ ادب، شامِ غزل، ا برِ بہار
یا خدا! ہوں قریۂ عشقِ محمدؐ پر نثار
یا خدا! ارضِ دعا گہوارۂ رحمت بنے
یا خدا! میرا وطن ہے جاں نثاروں کا حصار
یا خدا! تاریکیاں مٹ جائیں ارضِ پاک سے
یا خدا! نسبت ہو طیبہ کے خس و خاشاک سے
یا خدا! خاکِ منور سے بنے میرا چراغ
یا خدا! روشن فضا ہو دیدۂ نمناک سے
یا خدا! ہر ہر محلّے میں ہو میلادِ رسولؐ
یا خدا! مقصود ہو آقاؐ کی رحمت کا حصول
یا خدا! ہر ہر گلی میں رقص کرتے ہوں چراغ
یا خدا! رحمت کرے اُنؐ کی، مرے آنسو قبول