فریاد بحضور سرورِ کونین ﷺ- روشنی یا نبی ﷺ (2018)
حضور ﷺ، اُمّتِ عاصی کا حال کیا لکھوّں
غبارِ راہ میں سمٹے ہوئے ہیں ماہ و نجوم
شبیہِ عظمتِ رفتہ ہے گھپ اندھیروں میں
چھلک پڑے ہیں قلم سے بھی آنسوؤں کے ہجوم
حضور ﷺ، اُمّتِ عاصی کا حال کیا لکھوّں
ردائے خوف میں لپٹا ہوا ہے عصرِ جدید
ہوائے مرگ سے شاہوں نے دوستی کر لی
سنائے کون شبِ غم میں روشنی کی نوید
حضور ﷺ، اُمّتِ عاصی کا حال کیا لکھوّں
تمام فصل مہاجن کے پاس گروی ہے
ہمارا ذوقِ تجارت کہیں نہیں رکتا
متاعِ عشق بھی نیلام گھر میں رکھی ہے
حضور ﷺ، اُمّتِ عاصی کا حال کیا لکھوّں
اک اضطرابِ مسلسل ہے فاختاؤں میں
فضا میں سبز پرندے نظر نہیں آتے
حضور ﷺ، آپ ﷺ کی اُمّت ہے کربلاؤں میں
حضور ﷺ، اُمّتِ عاصی کا حال کیا لکھوّں
حضور ﷺ، اس کا مقدّر اجالیے آکر
غبارِ جرمِ ضعیفی میں گم ہے صدیوں سے
خدا کے واسطے اِس کو نکالیے آکر