کبھی خوشبوئیں ہاتھ تھامیں گی میرا- روشنی یا نبی ﷺ (2018)
خدا کے حبیبِ مکرم ﷺ مجھے بھی
کبھی حاضری کی اجازت ملے گی
کبھی میں بھی دیکھوں گا طیبہ کی گلیاں
ازل سے جو گلیاں ہیں مصری کی ڈلیاں
درودوں کے جھرمٹ میں شاخِ ادب پر
کبھی مسکرائیں گی شاداب کلیاں
دریچوں میں ہو گی کبھی روشنی سی
خدا کے حبیبِ مکرم ﷺ مجھے بھی
کبھی حاضری کی اجازت ملے گی
کبھی معتبر ہو گا میرا حوالہ
عطا ہو گا لفظوں کو رحمت کا ہالہ
اجالوں سے بھر جائے گا میرا دامن
کبھی ہو گا محرومیوں کا ازالہ
کرم ہو کرم ہو کرم ہو نبی جی ﷺ
خدا کے حبیبِ مکرم ﷺ مجھے بھی
کبھی حاضری کی اجازت ملے گی
کبھی خوشبوئیں ہاتھ تھامیں گی میرا
کبھی میرے من میں بھی ہو گا سویرا
مرے تشنہ ہونٹوں کی شاخِ دعا پر
ثنا کے پرندوں کا ہو گا بسیرا
کہ مہکے گی پھولوں سے جھولی مری بھی
خدا کے حبیبِ مکرم ﷺ مجھے بھی
کبھی حاضری کی اجازت ملے گی