تاریخ کربلا- شعورِ کربلا (2018)
صدیوں کا قرضِ عشق چکانے کا نام ہے
نامِ حسینؓ پورے زمانے کا نام ہے
تاریخِ کربلا فقط اک واقعہ نہیں
یہ تو سروں کی فصل کٹانے کا نام ہے
ہوتا ہے منکشف شبِ عاشور ہر برس
جیسے سحر، چراغ بجھانے کا نام ہے
کرب و بلا کا فلسفہ دراصل خون ہے
ریگِ رواں میں پھول کھلانے کا نام ہے
نوحہ گری، حریمِ مؤدت میں رات بھر
لوح و قلم کے اشک بہانے کا نام ہے
صبر و رضا ریاضؔ سرِ دشتِ زندگی
تشنہ لبی کے جام پلانے کا نام ہے