پکاریں آپ ﷺ کو کب سے نوائیں یارسول اللہ ﷺ - ورد مسلسل (2018)
پکاریں آپ ﷺ کو کب سے نوائیں یارسول اللہ ﷺ
یقینا پھول لائیں گی دعائیں یارسول اللہ ﷺ
مرے آنگن میں برسی ہیں کرم کی اَن گنت کلیاں
چلی ہیں شہرِ طیبہ کی ہوائیں یارسول اللہ ﷺ
خزاں کے زرد لمحوں کی سنائی چاپ دیتی ہے
شگوفے کیا چمن میں مسکرائیں یارسول اللہ ﷺ
قدم بوسی کی حسرت ہے مرے سارے گھرانے کو
مقدر یہ بھی اپنا جگمگائیں یارسول اللہ ﷺ
اچھالا جارہا ہے آدمیت کا لہو کب سے
مرے چاروں طرف ہیں کربلائیں یارسول اللہ ﷺ
مَیں جب بھی قصد کرتا ہوں ثنا کے پھول چننے کی
سجیں نوکِ قلم پر کہکشائیں یارسول اللہ ﷺ
سوائے عجز کے کچھ بھی نہ ہو شاعر کے دامن میں
کہیں مَیں دفن کر آؤں انائیں یارسول اللہ ﷺ
نمو کی قوتوں کا خوں پیا ہے باغبانوں نے
کہاں سورج نئے دن کا اگائیں یارسول اللہ ﷺ
شفق کی سرخیوں میں خونِ مظلوماں جھلکتا ہے
کٹا بیٹھی ہیں پر بھی فاختائیں یارسول اللہ ﷺ
ریاضِؔ سر برہنہ منتظر ہے چشمِ رحمت کا
نئے پتے مری شاخوں پہ آئیں یارسول اللہ ﷺ