حجلۂ شب سے مجھے غم نے صدا دی ہے حضورؐ- ریاض حمد و نعت
حجلۂ شب سے مجھے غم نے صدا دی ہے حضورؐ
میرے اشکوں کی بھی تصویر مٹا دی ہے حضورؐ
خیمۂ جاں میں اندھیروں کے سوا کچھ بھی نہیں
مشعلِ شوق ہواؤں نے بجھا دی ہے حضورؐ
ایک دیوار اخوّت کی گری تو کس نے
ایک دیوار سی آنگن میں بنا دی ہے حضورؐ
بام و در وجد میں ہیں صلِ علیٰ کہتے ہوئے
ہر روش بچوں نے امشب بھی سجا دی ہے حضورؐ
خوف کی دے کے ردا بچوں کے ننگے سر پر
کس نے ہر خواب کی تعبیر بتا دی ہے حضورؐ
*