آپؐ ہی لجپال ہیں اللہ کی ہر مخلوق کے- دبستان نو (2016)

آپؐ کے اوصاف کی قندیل روشن ہَے، حضورؐ
آپؐ کے دامن کی ہَے ٹھنڈی ہوا محوِ سفر
آپؐ کے فرمان سے ہَے معتبر شہرِ قلم
آپؐ کے اعمال ہیں ارض و سما کی روشنی
آپؐ کے نقشِ قدم مینارۂ انوار ہیں،
آپؐ محشر تک دبستانِ کرم کی انتہا
آپؐ محبوبِ خدا ہیں، برگزیدہ ہیں نبیؐ
آپؐ ہیں ہر ہر صدی میں امنِ عالم کے نقیب
آپؐ کا چہرہ نصابِ عَدل ہَے، آقا حضورؐ
آپؐ شامِ جَبر میں ہیں عافیت کی روشنی
آپؐ ہی صدق و صفا، لطف و عطا کی دلکشی
آپؐ ہی حرفِ خدا لے کر ہوئے ہیں لب کُشا
آپؐ کے دستِ کرم میں ہیں محبت کے چراغ
آپؐ رحمت کے جھروکوں میں ازل سے ہیں مقیم
آپؐ ہی کے واسطے پیدا ہوئے دونوں جہاں
آپؐ ممدوحِ خدائے آسماں ہیں، یا نبیؐ
آپؐ ہی تخلیقِ اوّل ہیں رسولِ محتشمؐ!
آپؐ ہی مہمان ہیں عرشِ بریں کے یا رسولؐ!
آپؐ کے دامن سے وابستہ رہے میرا سخن
آپؐ کے نقشِ کفِ پا حَشر میں ڈھونڈوں گا مَیں
آپؐ دیں رزقِ ثنا، رزقِ قلم، رزقِ ورق
آپؐ دامانِ طلب میں پھول بھر دیں، یا نبیؐ
آپؐ ہی لجپال ہیں اللہ کی ہر مخلوق کے

ہر افق پر ہَے چراغاں آپؐ کے انوار سے
ہیں علومِ نو منّور آپؐ کے افکار سے